نئی دہلی، 26دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)نوٹ بندی کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کو برقرار رکھنے کی کانگریس پارٹی کی کوششوں کو اس وقت زوردار جھٹکا لگا، جب پارلیمنٹ کے باہر اجلاس کرنے اور پارٹی صدر سونیا گاندھی کی طرف سے خطاب کی جانے والی مشترکہ پریس کانفرنس کے لئے بھیجی گئی دعوت پر بایاں محاذ اور نتیش کمار کے جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو)نے مبینہ طور پر شرکت نہیں کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ان کے علاوہ شرد پوار کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی)نے بھی اس کے لئے ہچکچاہٹ کا اظہار کیا ہے۔سونیا گاندھی نے تمام اپوزیشن جماعتوں کو مدعو کیا تھا، اور کانگریس کو امید تھی کہ منگل کو نوٹ بندی کے معاملے پر نریندر مودی حکومت کے خلاف حملے میں طاقت دکھائی جا سکے گی۔اس سے پہلے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے دوران بھی کانگریس کی قیادت میں کم از کم 14جماعتوں نے متحد ہو کر مظاہرہ کیا تھا۔بائیں لیڈر سیتارام یچوری نے کہا کہ پارلیمنٹ کے باہر کسی اسٹیج پر پارٹیوں کا ایک ساتھ آ جانا پارلیمنٹ کے اندر کسی مسئلے پر ایک ساتھ آ جانے جیسا آسان نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو مشترکہ طور پر حکمت عملی بنا کر ملک بھر میں متحد ہونا چاہئے،میں کسی پر کوئی الزام نہیں لگانا چاہتا، لیکن جو میں کہنا چاہتا ہوں، وہ یہ ہے کہ اس طرح کا کوئی بھی متحدہ اپوزیشن قدم پہلے بات چیت کئے جانے پر ہی انحصار کرتا ہے۔جے ڈی یو کے لیڈر کے سی تیاگی نے کہا کہ ان کی پارٹی نے ابھی تک یہ طے نہیں کیا ہے کہ اس اقدام میں حصہ لینا ہے یا نہیں، لیکن ان کے مطابق وہ پہلے یہ جاننا چاہیں گے کہ ایجنڈا کیا ہے۔